واشنگٹن ۔ ( اے پی ایس ) امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے متفقہ طور پر بیڈن لوہر بل کی منظوری دے دی ہے ۔ جس کے تحت پاکستان کو آئندہ ایک عشرے میں 15 ارب ڈالر کی ترقیاتی امداد فراہم کی جائے گی ۔ تاہم کانگریس نے پاکستان کے لئے دفاع کی مد میں 29 کروڑ ڈالر کی امداد کی منظور نہیں دی ۔ یہ بل وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکہ کے دورے کے موقع پر منظور ہوا ہے اس سے پہلے بل پیش کرنے والے شریک ممبر اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بارک اوبامہ نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ ادھر واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے بل کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری سے پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل پر امریکی کانگریس کی حمایت اور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے ۔امریکہ پاکستان سے امتیازی سلوک نہ کرے ‘ سول ٹیکنالوجی دی جائے ‘ یوسف رضا گیلانیواشنگٹن ۔ ( اے پی ایس ) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کرے اور پاکستان کو بھی سویلین نیوکلیئر ٹیکنالوجی دی جائے ۔ واشنگٹن میں کونسل آن فارن ریلیشنز اور مڈل ایسٹ انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کے لئے پاکستانی فورسز کو جدید ہتھیاروں کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات ہیں اور پاکستان کشمیر سمیت تمام متنازعہ امور کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آئی ایس آئی ‘ آئی بی اور فوج سویلین حکومت کے ماتحت کام کر رہی ہیں ۔ انہوں نے مختلف امریکی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کے عزم کو دہرایا ۔ رابرٹ گیٹس سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہا ہے ۔ مذاکرات صرف مقامی آبادی سے ہو رہے ہیں تاکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی موثر بنائی جا سکے ۔ ملاقات میں قابل عمل انٹیلی جنس کے تبادلے کا نظام مزید مربوط بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بارک اوبامہ سے ہونے والی بات چیت میں وزیر اعظم نے پاکستان کی امداد کے بل کو سپانسر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اوبامہ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور صدر منتخب ہونے کی صورت میں جمہوری حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور ایسی پالیسی بنائیں گے جس سے قبائلی علاقے کے عوام کی مشکلات دور ہوں اور وہاں دہشت گردی کا خاتمہ ہو ۔ سی آئی اے کے سربراہ مائیکل ہیڈن وزیر خزانہ ہنری پالسن اور دیگر امریکی عہدیداروں سے ملاقات میں پاکستان کی اقتصادی صورت حال پر غور کیا گیا
۔نیب کی وجہ سے مجھے پانچ سال سزا ہوئی تھی، اس ادارے کوختم کردیا جائیگا ۔ یوسف رضا گیلانی
واشنگٹن ۔ ( اے پی ایس) وزیراعظم سید یوسف ر ضا گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ احتساب بیورو کو ختم کرکے ایسا ادارہ قائم کیا جائے گا جو صحیح معنوں میں احتساب کرے گا یہاںپاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ملک میں بہت سی تبدیلیاں لائی ہے اور ایک سال کے بعد یہ تبدیلیاں نظر آنے لگیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ 58 ٹو بی کا استعمال نہیں ہو گا اور 58 ٹو بی والے یہاں نہیں ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوری حکومت نے اس لحاظ سے بہت اہم اقدامات کیے ہیں کہ ہم نے پارٹنر شپ کے ساتھ قوم کو چلانا چاہ ہے ا ور ہم اسی طرح سے ملک کو چلانا چاہتے ہیں وزیراعظم نے غریب ا ور پسماندہ طبقوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بیورو کوختم کردیا جائے گا اور اسی نیب کی وجہ سے انہیں ذاتی طورپر پانچ سال کی سزا ہوئی تھی انہوں نے کہا کہ ایک ایسا ادارہ قائم کیا جائے گا جو صحیح احتساب کرے گا اور اس کا سربراہ کوئی جج یا اس اہلیت کا حامل شخص ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسلام تشدد کے بجائے امن کا پیغام دیتا ہے لیکن افسوس ہے کہ اسلام کی تشریح غلط کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ اسلام کی انٹرپریٹیشن کو صحیح کریں اور اسلام کا امیج بلند کریں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میںبار بار مارشل لاء لگنے کی وجہ سے ترقی نہیں ہو سکی ۔ انہوں نے کہا کہ 1973 ء کا آئین بحال کیا جائے گا اور عدلیہ کو مکمل طورپر آزاد اور بحال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ احتساب کا عمل انتقام پر مبنی نہیں ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ تیل اور اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ملک میں مہنگائی آئیہے اور ایک سال میں پیپلزپارٹی کی حکومت اس مہنگائی کا ازالہ کرے گی اور توانائی کے بحران کا بھی خاتمہ کردیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ داخلی طور پر مشکلات ضرور ہیںلیکن حکومت کی رٹ مکمل طورپر بحال کی جائے گی ۔ وزیراعظم نے واشنگٹن ڈی سی میں پرانے سفارت خانے کو جناح کلچرل سنٹر میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا اور اس کے لیے دس کروڑ روپے کی رقم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا
سوات ، مالم جبہ میں آرمی ریسٹ ہاوس اور پی ٹی ڈی سی ہوٹل دھماکے سے اڑا دیئے گئے
سوات ۔ ( اے پی ایس )سوات کے علاقے مالم جبہ میں آرمی ریسٹ ہاوس ‘ پی ٹی ڈی سی ہوٹل کو دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ۔ سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں بھی شروع ہو گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شرپسندوں نے مالم جبہ میں پی ٹی ڈی سی ہوٹل اور آرمی ریسٹ ہاو¿س کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ۔ جس کے باعث دونوں عمارتیں تباہ ہو گئیں جبکہ کاڑہ اور رونیال کو ملانے والا پل بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی ۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلی باغ کو بھی نذر آتش کر دیا گیا ۔ دوسری طرف عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز میں جھڑپیں جاری ہیں
۔سوات ‘ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں ٢٥ طالبان جاں بحق ‘ متعدد زخمی ‘ غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ
سوات ۔ ( اے پی ایس )سوات کی تحصیل مٹہ میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی طالبان کے درمیان جاری جھڑپوں میں 25 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ سوات میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے ۔ میڈیا سنٹر سوات کے مطابق مٹہ میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جن میں اب تک 25 طالبان ہلاک ہو گئے ہیں ۔ طالبان نے سرکاری دعوو¿ں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھڑپوں میں ان کے تین ساتھی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ادھر سوات میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر کے آمد و رفت کے راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور مٹہ پولیس سٹیشن کو فوج نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔طالبان نے مٹہ میں بکتر بند گاڑی مالم جبہ میں پی ٹی ڈی سی ہوٹل اور آرمی ریسٹ ہاو¿س کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔ ولی باغ میں گرلز مڈل سکول اور گولڈا رونیال اور میسج بٹر میں تین پلوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا ۔ گزشتہ روز دیولائی چوکی سے یرغمال بنائے گئے سیکیورٹی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے ۔ سیکیورٹی فورسز نے کانجو ایف سی کیمپ اور کبل ریسٹ ہاو¿س سے طالبان کے ٹھکانوں پر رات بھر گولہ باری کی
۔دنیا کی دولتمند ترین خواتین کی فہرست کا اجراء ، رفیق حریری کی بیٹی ارب پتی خواتین میں شامل
لندن ۔ ( اے پی ایس ) دنیا کی نوجوان ارب پتی چالیس سال سے کم عمر کی خواتین کی تعداد گزشتہ 2 سال کے مقابل بڑھ کر 7 ہو گئی ہے اور 50 سال کے لگ بھگ عمر کی دولتمند خواتین کی تعداد فار چون 20 کے مطابق 10 سے بڑھ کر 17 تک پہنچ گئی ہے ۔ دولتمند خواتین کی اوسط عمر ایک سال کے عرصہ میں 62.5 فیصد سے کم ہو کر 61.5 فیصد ہو گئی ہے ۔ مارک ذکربرگ کے بعد کم عمر دولتمندوں کے گروپ میں دوسرے درجہ پر 24 سالہ ہند حریری ہیں ۔ ہند حریری لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق الحریری کی دختر ہیں اور انہوں نے حالیہ عرصہ میں لبنان کی امریکن یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے ۔ یہ یونیورسٹی بیروت میں واقع ہے ۔ چین کی رہنے والی 26 سالہ یانگ ہیوان جن کے والد نے انہیں اپنی رئیل سٹیٹ کی کمپنی کنٹری گارڈن میں 58 فیصد شراکت داری دی ہے وہ ہند حریری کے بعد دولت کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہیں ۔ یانگ نے کوئنگ ہوا یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے اور وہ اعلیٰ تعلیم کے لئے کواہیوا سٹیٹ بھی جا چکی ہیں ۔ 30 سالہ کی دولتمند خواتین کی تعداد فارچون نے 5 بتلائی ہے ان میں سے 4 خواتین کا تعلق ترکی سے ہے اور مذکورہ 4 خواتین میں سے 3 خواتین ترکی کے ذرائع ابلاغ کے تاجر عیدین ڈوگن کی بیٹیاں ہیں
۔صدر سوڈان کو گرفتار کرنے کی کوشش کا مسئلہ ، سیکیورٹی کونسل میں پھوٹ پڑ گئی
نیویارک ۔ ( اے پی ایس) اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اس بات پر بری طرح منقسم ہو گئی ہے کہ آیا اسے سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر کو دارفور میں نسل کشی کے الزامات پربین الاقوامی فوجی عدالت کی جانب سے گرفتاری کے وارنٹ کی اجرائی کو روکنا چاہئے یا نہیں ۔ فوج داری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر لوئی مورینو اوکیمپو نے عدالت پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے پیش کردہ ثبوت کی بنیاد پر صدر سوڈان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کریں ۔ لیکن افریقی ممالک کا یہ احساس ہے کہ ایسا کوئی بھی قدم دارفور میں امن بحال کرنے کی کوششوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے ۔یہ موضوع پیر کو اس وقت بحث کا موضوع بنا جب سیکیورٹی کونسل ایک ایسی قرار داد پر غور کر رہی تھی جس کا مقصد افریقی یونین اور اقوام متحدہ کی مشترکہ امن فوج کی برقراری میں توسیع دینا تھا ۔ امن فوج کے مشن کی مدت جمعرات کو ختم ہو رہی ہے ۔ لیبیا اور جنوبی افریقہ نے روس اور چین کی مدد سے قرار داد کے زبان و بیان میں ایسے اضافہ پر اصرار کیا جس کے نتیجہ میں صدر سوڈان کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت کو قدم اٹھانے سے روکا جا سکے گا ۔ لیکن امریکہ ‘ برطانیہ اور اس کے اتحادیوں نے اس کی شدو مد سے مخالفت کی ۔ واشنگٹن ‘ لندن اور پیرس نے یہ تاویل پیش کی کہ دونوں موضوعات علیحدہ ہیں اور ان کے ساتھ علیحدہ طور پر نمٹا جانا چاہئے ۔ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی کارروائی امن مشن کے دائرہ اختیار کی توسیع پر بندش نہیں لگاتی ۔ کل مباحث کے دوران کونسل کے ارکان کسی سمجھوتہ پر نہیں پہنچ سکے لیکن جمعرات کی نصف شب سے قبل ہی قرار داد کا منظور کیا جانا ضروری ہے ۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ سوڈان کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے ملک چین نے بند کمرے کے مباحث میں سرگرم حصہ نہیں لیا ۔ بظاہر وہ یہ نہیں چاہتا کہ ایسے وقت جبکہ بیجنگ اولمپکس بہت قریب ہیں چین کی کوئی منفی انداز میں تشہیر ہو ۔ لیبیا اور جنوبی افریقہ نے صدر سوڈان کے خلاف کارروائی کرنے سے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو روکنے کی کوشش کی ۔ سوڈانی سفیر برائے اقوام متحدہ عبدالمحمود ‘ عبدالحلیم نے رائٹر سے کہا ہم چاہتے ہیں کہ سیکیورٹی کونسل یہ کہتے ہوئے کہ کوئی مقدمہ نہیں ہے دارفور میں امن مشن کے عمل کا آغاز کرے “ عرب لیگ اور افریقی یونین نے بھی بین الاقوامی عدالت کے پراسیکیوٹر کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا ہے پروگرام کے مطابق سیکیورٹی کونسل میں قرار داد پر چہار شنبہ کو رائے دہی ہو گی
۔سلامتی کونسل کی جانبداری کے خلاف متحدہ جدوجہد کی جائے ‘ احمدی نثراد
تہران ۔ ( اے پی ایس )صدر ایران محمود احمدی نثراد نے ترقی پذیر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سلامتی کونسل اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ” جانبدارانہ رویہ “ کے خلاف لڑائی کے لئے متحد ہو جائیں ۔ انہوں نے یہاں غیر جانبدار تحریک ( نام ) کے وزرائے خارجہ کی 15 ویں کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے ‘ بڑی طاقتوں کے مفادات کی تکمیل میں مصروف ہیں ۔ ایران ‘ مغربی ممالک کے ساتھ اپنے نیوکلیئر منصوبوں پر جاری تنازعہ میں اپنے بین الاقوامی تائید کے دائرہ کو وسعت دینا چاہتا ہے ۔ صدر ایران نے کہا کہ مغربی طاقتیں ‘ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تین مرتبہ محدودتحدیدات عائد کی ہیں ۔ احمدی نثراد نے الزام لگایا کہ عالمی طاقتیں خود تو جوہری اسلحہ کا ذخیرہ کرتی ہیں لیکن دیگر ممالک کو پرامن نیوکلیئر توانائی کے حصول سے روکنے کی کوشش کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ” بڑی طاقتیں ‘ زوال کے راستے پر ہیں ‘ ان کا اثر دن بدن گھٹتا جا رہا ہے ۔ ان طاقتوں کا دور ختم ہونے کے قریب ہے “ ( غیر جانبدار تحریک کا قیام 1961 ء میں کئی تو آزاد ممالک کے گروپ کی جانب سے عمل میں لایا گیا تھا ۔ اب اس تحریک کے ارکان اور مبصرین کی تعداد 118 ہے ۔ اس تحریک سے وابستہ ممالک ‘ امریکہ اور روس کے درمیان سرد جنگ میں پھنسنا نہیں چاہتے ) ۔ احمدی نثراد نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب تک رکن ممالک کے مابین اجتماعی طاقتیں اور موثر کوششیں نہ ہوں ‘ عالمی حالات کو نہیں بدلا جا سکتا اور نہ رکن ممالک کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کی جا سکتی ہے ۔ یہ گروپ ‘ کسی بھی رکن ملک کے خلاف جارحیت کو پسپا کر سکتا ہے اور اس ملک کی مدافعت کر سکتا ہے ۔ یہ گروپ دیگر ممالک کے خلاف بڑی طاقتوں کے اقدامات کو روک سکتا ہے ۔ احمدی نثراد نے نام تحریک کے ارکان اور دیگر ممالک کے درمیان تنازعہ کی یکسوئی کے لئے ایک ” ثالثی کونسل “ کی ضرورت پر زور دیا ہے اور غیر جانبدار ممالک کی ترقی کے لئے ایک فنڈ قائم کرنے کی بھی تجویز پیش کی لیکن کوئی تفصیلات نہیں بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک امریکہ دیگر 4 بڑی طاقتوں کی طرح ایک مستقل نشست کا حال ہے ‘ سلامتی کونسل ( اقوام متحدہ ) امریکہ کے خلاف ہر گز کوئی قرار داد منظور نہیں کرے گا ۔ ( امریکہ ‘ ایران کا کٹر دشمن ہے ) سلامتی کونسل کے 5 ارکان کو ویٹو کا اختیار حاصل ہے ۔
آ سٹر یلیا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی سیکورٹی فورسز کو تربیت دینے کی پیشکش کر دی
کینبرا ۔ ( اے پی ایس ) آسٹریلیا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی سیکورٹی فورسز کو تربیت دینے کی پیشکش کردی ۔ آسٹریلوی وزیر دفاع جوٹل فٹز گبن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں بین الاقوامی برادری کو اپنی کوششیں مزید تیز کرتے ہوئے مزید معاشی اور فوجی مددفراہم کرنی چاہیئے ۔ نیشنل پریس کلب میں خطاب کے دوران آسٹریلوی وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اس جنگ میں پاکستانی فوج کی تربیت کرنی چاہیئے تاکہ وہ بہتر انداز میں عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے کوششیں کر سکے اور پاکستان کو القاعدہ کی آماجگاہ نہ بننے دیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک ماہ کے اندر افغانستان میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر ہو جائے گی جہاں آسٹریلیا کے 1080 فوجی اہلکار موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان امریکی اور اتحادی فوجی اہلکار موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان مین امریکی اور اتحادی افواج کی کامیابی کے لیے پاکستان کو محفوظ بنانا ہو گا۔ جوٹل فٹرگبن نے کہا کہ پاکستان نے قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے بہت اقدامات کیے ہیں لیکن ابھی اس حوالے سے مزید کرنے کی ضرور ت ہے
International News Agency in english.urdu news feature,Interviews,editorial,audio,video & Photo Service from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan.Managing editor M.Rafiq,Editor M.Ali. Chief editor Chaudhry Ahsan Premee email: apsislamabad@gmail.com,+92300 5261843 مینجنگ ایڈ یٹر محمد رفیق، ایڈیٹر محمد علی، چیف ایڈیٹرچو دھری احسن پر یمی
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment