International News Agency in english.urdu news feature,Interviews,editorial,audio,video & Photo Service from Rawalpindi/Islamabad,Pakistan.Managing editor M.Rafiq,Editor M.Ali. Chief editor Chaudhry Ahsan Premee email: apsislamabad@gmail.com,+92300 5261843 مینجنگ ایڈ یٹر محمد رفیق، ایڈیٹر محمد علی، چیف ایڈیٹرچو دھری احسن پر یمی

Monday, August 4, 2008

وفاقی حکومت نے ڈیڑھ ماہ کی تاخیر کے بعد حج پالیسی ٢٠٠٨ ء کا اعلان کردیا

اسلام آباد ۔ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ ماہ کی تاخیر کے بعد حج پالیسی 2008 ء کا اعلان کردیا ہے ۔ اس سال 164647 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ ریگولر حج سکیم کے تحت 85 ہزار جبکہ پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے 79647 پاکستانی سعودی عرب جائیں گے۔ حج درخواستیں 7 اگست سے 18 اگست تک وصول کی جائیں گی ۔ ستمبر کے اواخر یا اکتوبر کے اوائل میں عید الفطر سے قبل قرعہ اندازی ہو گی ۔ گزشتہ دو سالوں سے ناکام رہنے والے تمام درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا جائے گا اور وہ حج کی سعادت حاصل کر سکیںگے۔ فی کس 2 لاکھ روپے کے اخراجات آئیںگے۔ 3 نومبر کو پہلی حج پرواز ر وانہ ہو گی ۔ 13 جنوری 2009 ء تک حج آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔ 30 ہزار حجاج کرام براہ راست مدینہ منورہ جائیں گے۔ 591 ٹور آپریٹرز کو حج کوٹہ ملے گا۔ معیار پر پورا نہ اترنے والے حج ٹور آپریٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی ۔ حج پالیسی کا اعلان پیر کے روز یہاں مشیر مذہبی امور علامہ حامد سعید کاظمی نے وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاخیر کی بنیادی وجہ اس معاملے کا عدالت عظمی میں زیر سماعت ہونا تھا۔ عدالت کی جانب سے اجازت ملنے پر مزید تاخیر نہیںکی اور حج پالیسی کا اعلان کر رہے ہین انہوںنے کہا کہ سعودی حکومت کے فارمولے کے مطابق پاکستان سے اس کی آبادی کے تناسب سے 0.01 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریںگے۔ حج درخواستیں حبیب بینک ‘ یو بی ایل ‘ نیشنل بینک ‘ ایم سی بی ‘ الائیڈ بنک کے شیڈولڈ برانچوں میں وصول کی جائیں گی حج فارم دستیاب ہوں گے کسی جگہ کوئی اہلکار فارم فروخت کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ کراچی ‘ کوئٹہ سے جہاز کاکرایہ 70 ہزار روپے ہو گا ۔ اسلام آباد ‘ لاہور اور دیگر شہروں سے یہ کرایہ پچاسی ہزار روپے ہو گا۔ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر پانچ سو روپے جبکہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر 1425 روپے ٹیکسز کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ رہائش گاہیں ایک ہی کیٹیگری کی ہوں گی ۔ دور اور نزدیک کا تصور ختم کردیا گیا ہے ۔ مکہ میں رہائش گاہ کا کرایہ 32 سو ریال جبکہ مدینہ میں 4 سو ریال کرایہ ہو گا۔ اس طرح حج پیکج میں مجموعی طور پر کرایہ 66 ہزار 6 سو روپے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ معلم ‘ خیموں اور ٹرانسپورٹ کی مد میں 1188 ریال وصول کیے جائیںگے ہر حاجی کو 13 سو ریال جوکہ پاکستانی روپوں میں 23 ہزار 9 سو ستانوے روپے بنتے ہیں دئیے جائیں گے۔ ویکسنیشن کی مد میں 1 ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ‘کوئٹہ سے مجموعی طور پر حج پیکج 1 لاکھ 85 ہزار روپے ‘ دیگر شہروں سے یہ حج اخراجات 2 لاکھ روپے ہوںگے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کو حج کی اجازت نہیںد ی جائے گی ۔ صرف محرم ‘ گروپ لیڈر حج بدل کی صورت میں جا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوٹے سے زیادہ درخواستیں جمع ہونے پر قرعہ اندازی ہوگی ۔ جو درخواست گزار 2 سالوں کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے میںناکام رہے ہیں انہیں بغیر قرعہ اندازی کے حج پر بھیجاجائے گا۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے یا ستمبر کے اواخر میں قرعہ اندازی ہوگی ۔ پہلی فلائٹ 3 نو مبر کو سعودی عرب جائے گی ۔ اور 3 دسمبر کو آخری حج فلائٹ سعودی عرب جائے گی ۔ سعودی عرب سے پہلی حج فلائٹ 13 دسمبر کو پاکستان واپس آئے گی جبکہ 13 جنوری2009 ء تک حج آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔ 30 ہزار پاکستانی براہ راست مدینتہ المنورہ جائیںگے جو کہ مدینہ میں آٹھ دن کے قیام کے بعد مکہ آجائیں گے اسی طرح جدہ سے مکہ جانے والے 30 ہزار عازمین مدینہ سے پاکستان واپس آئیں گے۔ ٹریول چیک کی بجائے ہر حاجی کو ریال دئیے جائیں گے۔ ہر رکن پارلیمنٹ کا دس افراد پر مشتمل کا کوٹہ ہو گا اسی طرح چیئرمین سینٹ ‘ سپیکر قومی اسمبلی ‘ وزرائے اعلی ‘ گورنرز اور آزادکشمیر کے صدر و وزیراعظم میں ہر ایک کا پچاس افراد کا کوٹہ ہو گا۔ لیبر اینڈ سپانسرڈ کے تحت 500 اور اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کا 500 کا کوٹہ ہو گا۔ 350 مستحق اور غریب پاکستانی حج فاؤنڈیشن کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ 591 ٹور آپریٹرز کی فہرست سعودی عرب نے انٹرنیٹ پر جاری کردی ہے۔ معیار پر پورا نہ اترنے والے ٹور آپرٹرز کو کوٹہ نہیں دیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذمہ داران موقع پر جا کر ٹورز آپریٹرز کے دفاتر کو چیک کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کی تربیت کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے کیونکہ رہائش گاہیں دور ہوں گی اس لیے حاجیوں کے لیے شٹل سروس شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانیوں کو واپسی پر پاکستان میں ہی ہوائی اڈوں پر آب زم زم مل جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 159588 پاکستانیوں نے فریضہ حج ادا کیا ۔ گزشتہ سال حج اخراجات کراچی‘ کوئٹہ سے 130750 روپے تھے جبکہ لاہور ‘ اسلام آباد سے یہ اخراجات 138450 تھے۔ گزشتہ سال کراچی کوئٹہ سے فضائی کرایہ 38500 روپے جبکہ دیگر شہروں سے یہ کرایہ 46200 روپے تھا۔ ٹورز آپریٹرز کے حوالے سے صوابدیدی اختیارات ختم ہو گئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹورز آپریٹرز کی شارٹ لسٹ کا امکان ہے ۔

No comments: